دمشق،31؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)شام میں کرد حمایت یافتہ باغیوں نے امریکی تجویز کے تحت ترک فورسز سے لڑائی روکنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے ترک فورسز شام میں امریکی حمایت یافتہ کرد باغیوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہی تھیں، جس کے تناظر میں انقرہ اور واشنگٹن حکومت کے مابین کشیدگی میں بھی اضافہ ہو گیا تھا۔ اس فائربندی کا اعلان امریکی دفاعی حکام اور کرد حمایت یافتہ شامی جنگجوؤں کی جانب سے کیا گیا ہے، تاہم اب تک ترکی نے اس معاہدے پر اتفاق کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔ گزشتہ بدھ کو ترکی نے شام میں اپنی عسکری کارروائی کا آغاز کر دیا تھا، جب کہ اس کارروائیوں میں اسلامک اسٹیٹ کے ساتھ ساتھ کرد جنگجوؤں کو نشانہ بنایا جا رہا تھا۔